جمعرات , مارچ 21 2019
Home / پاکستان / پی ایس ایل کی دو مقبول ٹیمیں پھر آمنے سامنے

پی ایس ایل کی دو مقبول ٹیمیں پھر آمنے سامنے

محمد واحد

کراچی: پی ایس ایل کی دو مقبول ٹیمیں پھر آمنے سامنے آگئی ہیں. پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جہاں اُس کا مقابلہ اتوار کو کوئٹہ گلیڈ ایٹرز سے ہوگا۔

دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد کی ٹیم 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں پر 166 رنز بناسکی۔ یونائیٹڈ میں شامل لیوک رونکی، کیمرون ڈیلپورٹ، ایلکس ہیلز، محمد آصف اور فہیم اشرف جیسے بڑے نام زلمی کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے، جس کا خمیازہ ٹیم کے ٹورنامنٹ سے اخراج کی صورت میں نکلا۔

پُرجوش تماشائیوں سے بھرے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل فور کے دوسرے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن ان کا یہ فیصلہ اسلام آباد کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔

زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق یونائیٹڈ کے بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے۔ دونوں کے لاٹھی چارج سے اسلام آباد کا کوئی بولر نہ بچ سکا۔ کامران اور امام نے پشاور زلمی کا 135 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، لیکن کیمرون ڈیلپورٹ کے اوور میں دونوں اوپنر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔ امام الحق نے 33 گیندوں کی اننگز میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 43 گیندوں پر 74 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل ہیں۔

صہیب مقصود 4 اور وہاب ریاض ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوورز میں کیرون پولارڈ اور کپتان ڈیرن سیمی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 214 رنز اسکور کیے۔ پولارڈ 37 اور ڈیرن سیمی نے 30 رنز بنائے۔ پولارڈ نے 4 چھکے، ایک چوکا، سیمی نے 2 چھکے اور 2 ہی چوکے لگائے۔ کیمرون ڈیلپورٹ 2، شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بڑے ہدف 215 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی پیش نہ کرسکی۔ اننگز کا آغاز کرنے کیمرون ڈیلپورٹ اور لیوک رونکی آئے، لیکن تیسرے اوور میں رونکی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں ایلکس ہیلز کرس جارڈن کی گیند پر صرف ایک رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیلپورٹ اور چیڈ وک والٹن نے تیسری وکٹ پر 63 رنز بناکر یونائیٹڈ کی جیت کی امیدوں کو زندہ رکھا، لیکن دسویں اوور میں 89 کے مجموعے پر ڈیلپورٹ کی 28 رنز کی اننگز تمام ہوئی۔ ڈیلپورٹ نے 3 چوکے لگائے۔ اگلے ہی اوور میں آصف علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے تو اسلام آباد کی جیت کی امیدیں بھی دم توڑگئیں۔ فہیم اشرف اور حسین طلعت نے کچھ مزاحمت کی، لیکن زلمی کے بولرز نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔ حسین طلعت 19 اور فہیم اشرف 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم کی اننگز میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل ہے۔ حسین طلعت نے ایک چوکا لگایا۔ شاداب خان صفر اور کپتان محمد سمیع 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حسن علی اورکرس جارڈن نے 3,3 ٹیمل ملز، وہاب ریاض اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کامران اکمل کو شاندار نصف سنچری پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی نے میچ 48 رنز سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں اُس کا مقابلہ اتوار 17 مارچ کو سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈ ایٹرز سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 2017 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں ٹکرا چکی ہیں، جس میں پشاور نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ کی دو مقبول ٹیمیں پھر آمنے سامنے آئیں گی اور شائقین کے دونوں میں زبردست مقابلے کی توقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کی پشاور کی ٹیم دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرتی ہے یا کوئٹہ گلیڈایٹرز فتح کا تاج اپنے سر سجاتے ہیں۔

میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی دو مسجدوں میں دہشت گرد حملے میں شہید 49 نمازیوں سے اظہار ہمدردی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاھ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا۔

صدر مملکت عارف علوی نے پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا پی ایس ایل فور کا دوسرا ایلیمینیٹر دیکھا۔ فائنل میں وزیراعظم عمران خان کی آمد متوقع ہے۔ فائنل کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتانوں اور کھلاڑیوں کو دعوت نامے بھیجے ہیں۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو بھی فائنل دیکھنے کی دعوت دی گئی تھی، لیکن انہوں نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے معذرت کرلی ہے۔

Check Also

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار بیٹسمین احمد شہزاد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کی نئی چیمپئن

محمد واحد کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئی چیمپئن بن گئی ہے، جس نے یکطرفہ مقابلے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے