جمعرات , مارچ 21 2019
Home / پاکستان / بابر اعظم کا کیچ چھوڑنا کراچی کنگز کو بھاری پڑ گیا

بابر اعظم کا کیچ چھوڑنا کراچی کنگز کو بھاری پڑ گیا

محمد واحد

کراچی: دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 4 وکٹ سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور سے باہر کردیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 162 رنز کا ہدف میچ کے آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔ اس طرح کراچی کا پی ایس ایل فائنل کھیلنے کا خواب پھر شرمندۂ تعبیر نہ ہوسکا۔ ایونٹ کے فائنل میں رسائی کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا مقابلہ آج ہوگا، جس کی فاتح ٹیم 17 مارچ کو فائنل میں کوئٹہ گلیڈ ایٹرز کا سامنا کرے گی۔

ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 161 رنز بنائے۔ کولن منرو کی جارحانہ اننگز کی بدولت کراچی نے پاور پلے کے اختتام پر 78 رنز بنا کر پی ایس ایل کی تاریخ میں بنائے گئے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ کنگز کی نصف سنچری چوتھے اوور میں ہی مکمل ہوگئی تھی۔ منرو نے میچ کے پہلے اوور میں اسلام آباد کے کپتان محمد سمیع کو تین چوکے لگا کر اپنے عزائم ظاہر کردیے تھے۔ دوسرے اوور میں رومان رئیس کے ساتھ بھی یہی حشر ہوا۔ منرو نے 2 اور بابراعظم نے ایک چوکا لگایا۔ تیسرے اوور میں فہیم اشرف کو بھی 3 چوکے لگے، بابر نے ایک، کالن منرو نے 2 چوکے مارے۔ 52 رنز پر منرو کے 11 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم نے لیام لیونگ اسٹون کے ساتھ اسکور کا تیزی سے آگے بڑھنا شروع کیا اور جب 10 اوورز میں کراچی کنگز کے 100 رنز مکمل ہوگئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ کنگز 200 سے زیادہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ لیکن 102 رنز پر لیونگ اسٹون 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ 108کے مجموعے پر بابر اعظم بھی 42 رنز کی اننگز کھیل کر پولین لوٹ گئے۔

بابر کے آؤٹ ہوتے ہی اسلام آباد کے بولرز میچ پر چھا گئے اور آخری 10 اوورز میں 61 رنز کے عوض 8 کھلاڑی آؤٹ کرکے کراچی کنگز کو بڑا اسکور کرنے نہیں دیا۔ اس دوران کراچی کے بیٹسمینوں نے صرف 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کولن انگرام 32، بین ڈنک 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد موسیٰ 3، فہیم اشرف نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ شاداب خان، رومان رئیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 19 رنز پر گر گئی۔ لیوک رونکی کو عامر یامین نے بابر اعظم کے ہاتھوں 5 رنز پر کیچ آؤٹ کرادیا۔ دوسری وکٹ پر کیمرون ڈیلپورٹ اور ایلکس ہیلز نے 44 رنز جوڑے۔ ڈیلپورٹ 38 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے بعد والٹن کو عمر خان نے کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ عمر خان کے 4 اوورز کے اسپیل کے اختتام پر لگ رہا تھا کہ کراچی کی ٹیم میچ جیت جائے گی، لیکن حسین طلعت اور ایلکس ہیلز میں نصف سنچری شراکت نے یونائیٹڈ کی جیت کی بنیاد رکھی۔

بابر اعظم نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر ایلکس ہیلز کا مشکل کیچ چھوڑ دیا تھا، لیکن اسی اوور میں ہیلز نے پھر چھکا لگانے کی کوشش کی اور اس مرتبہ بابر نے کوئی غلطی نہیں کی۔ اس موقع پر یونائیٹڈ کو 26 گیندوں پر جیت کے لیے 48 رنز درکار تھے۔ آصف علی اور حسین طلعت نے عثمان شنواری کے 17 ویں اوور میں 14 رنز بنائے۔

محمد عامر کے 18 ویں اوور میں فہیم اشرف اور آصف علی نے 15 رنز بٹور کر ٹیم کو فتح کے نزدیک کردیا۔ عامر نے چار گیندیں تو اچھی کیں لیکن آخری دو گیندوں پر فہیم اشرف نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر بابر اعظم نے آصف علی کا کیچ چھوڑ دیا اور ساتھ ہی پی ایس ایل ٹرافی بھی ہاتھ سے چھوڑ دی۔ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آصف نے 10 گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز بناکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح دلا دی۔ حسین طلعت 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایلکس ہیلز کو 41 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بابر اعظم نے چار کیچ پکڑے، لیکن آصف علی کا اہم کیچ پکڑنے میں ناکام رہے، جس کا خمیازہ کراچی کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ عمر خان نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ عامر یامین نے چار اوورز میں 27 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عثمان شنواری جنہوں نے کوئٹہ کے خلاف ایک اوور میں پانچ رنز کا دفاع کیا تھا اچھی کارکردگی پیش نہ کرسکے اور ان کے تین اوورز میں اسلام آباد کے بیٹسمینوں نے 42 رنز بنائے، تاہم وہ ایک کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

پی ایس ایل فور میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان تین میچ کھیلے گئے اور تینوں میں اسلام آباد کی ٹیم فتحیاب رہی۔ تینوں ہی میچوں میں کراچی کنگزنے پہلے بیٹنگ کی تھی۔ آخری اوورز میں اچھی بولنگ نہ کرنے کے باوجود کراچی کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ منصوبہ بندی کا فقدان نظر آتا ہے جس کی وجہ سے کراچی کی ٹیم اس مرتبہ بھی پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے سے محروم رہے گی۔

Check Also

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار بیٹسمین احمد شہزاد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کی نئی چیمپئن

محمد واحد کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئی چیمپئن بن گئی ہے، جس نے یکطرفہ مقابلے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے