جمعرات , مارچ 21 2019
Home / اہم خبریں / ترکی، پاکستان باہمی تجارت بڑھانی ہے، قونصل جنرل

ترکی، پاکستان باہمی تجارت بڑھانی ہے، قونصل جنرل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترکی کے قونصل جنرل تولگا یوسیک نے کہا ہے کہ حالانکہ پاکستان اور ترکی بہترین تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تقریب 700 ملین ڈالر تک محدود ہے لہذا دونوں برادرممالک کی تاجر برادری کے درمیان بات چیت اور جوائنٹ وینچرز کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور باہمی تجارت بڑھانے کے لئے ہمیں بہت کچھ کرنا ہوگا۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کی جانب سے استنبول چیمبرسے تعلقات بہتر بنانے کے سلسلے میں اٹھائے گئے ہراقدام کو ترکی کے قونصل خانے کی بھر پور حمایت اور مدد حاصل ہوگی۔

اجلاس میں کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا، سینئر نائب صدر خرم شہزاد، نائب صدر آصف شیخ جاوید، ڈپلومیٹک مشنز و ایمبیسیز لائزن سب کمیٹی کے چیئرمین شمعون ذکی اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

ترکش قونصل جنرل نے بے پناہ اشیاء کی پیداوار اور مختلف خدمات کے پیش نظر کراچی کو ایک متحرک اور فعال شہر قرار دیتے ہو ئے کراچی کی تاجر برادری کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ترکش ہم منصبوں سے روابط کو مزید بہتر بنائیں تاکہ موجودہ تجارتی حجم کو بڑھایا جاسکے اور ساتھ ہی دونوں ممالک میں موجود سیاحت کے بے شمار مواقعوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کراچی چیمبر کو مشورہ دیا کہ ان کی جانب سے تجارتی وفد ترکی بھیجا جائے تاکہ تجارت و سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے کاروبار سے اور عوام کے عوام سے رابطوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا جبکہ طلباء کے تبادلوں کی بھی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ ترکی کے طلباء انگریزی سیکھنے کے لیئے عموما مغربی ممالک کا رخ کرتے ہیں جبکہ وہ پاکستان کے بہترین کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی انگریزی سیکھ سکتے ہیں۔

پاکستان میں موجود سیاحت کے مواقعوں کو فروغ دینے کے حوالے سے انہوں نے ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ ترکی میں اپنے دفاتر قائم کریں تاکہ ترکش سیاح پاکستان بھر میں موجود ان گنت سیاحت کے مواقعوں کے بارے میں جان سکیں۔

قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے ترکش قونصل جنرل کوبتایا کہ کراچی چیمبر کو ملک کے سب سے بڑے اور پریمیئر چیمبر ہونے کا اعزاز حاصل ہے جس کے بالواسطہ اور بلاواسطہ ممبران کی تعداد پچپن ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور ان ممبران کی بدولت تقریبا پانچ لاکھ سے زائد ٹیکس گزار کراچی چیمبر تلے آتے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان محدود تجارتی حجم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنید ماکڈا نے مشترکہ کوششیں کرنے اور تجارت بڑھانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔ کراچی چیمبر استنبول چیمبر کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے کا خواہش مند ہے جس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گی اور جیت ہی جیت کی صورتحال پیدا ہوگئی.

Check Also

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار بیٹسمین احمد شہزاد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کی نئی چیمپئن

محمد واحد کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئی چیمپئن بن گئی ہے، جس نے یکطرفہ مقابلے …