جمعرات , مارچ 21 2019
Home / اہم خبریں / انسانی حقو ق کمیشن کی جانب سے جبری گمشدگیوں پر صوبائی کمیٹی بنانے کا اعلان
انسانی حقو ق کمیشن کی جانب سے جبری گمشدگیوں پر صوبائی کمیٹی بنانے کا اعلان

انسانی حقو ق کمیشن کی جانب سے جبری گمشدگیوں پر صوبائی کمیٹی بنانے کا اعلان

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) نیشنل کمیشن فار ہیومین رائیٹس (این سی ایچ آر) کے چیئرمین جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے بدھ کے روز کراچی میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جبری گمشدگیوں کے بڑھتی ہوئی شکایت کی وجہ سے صوبہ سندھ میں این سی ایچ آر کے تحت ایک مشاورتی کور کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جس کی سربراہی کمیشن کی سندھ سے رکن محترمہ انیس ہارون کریں گی، جبکہ دیگر اراکین میں سول سوسائٹی، میڈیا اور وکلا تنغظیموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

وہ این سی ایچ آر اور پاکستان ہیومین رائیٹس نیٹ ورک کے زیراہتمام ایک مقامی ہوٹل میں ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ اجلاس این سی ایچ آر کی ہیومین رائیٹس ڈفینڈرس پالیسی بنانے کے لیے تجاویز مرتب کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا، جس میں سندھ بھر سے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں سے متعلق این سی ایچ آر کی پالیسی 10دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی جائے گی۔ یہ دن اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کے اعلامیہ کی منظوری کے دن کی یاد میں ہر سال منایا جاتا ہے۔ اس سال یہ دن انسانی حقوق کے اعلامیہ کی منظوری کے 70ویں سالگرہ کے طور منایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کے تحفظ سے متعلق ایک اور اعلامیہ 1998میں جاری کیا تھا اور اس کی بھی اس سال 20ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کو اسلامی ممالک میں مغربی ایجنڈا سمجھا جاتا ہے، جو کہ بلکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ ہر ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہوتا ہے۔ رکن کمیشن انیس ہارون نے کہا کہ ملک میں ماورائے قانون قتل اور جبری گمشدیوں کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنان میں بے چین پھیلی ہوئی ہے۔

علی پلھ ایڈوکیٹ نے کہا کہ سندھ میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کی ریاستی اور غیر ریاستی ادارے شدید مخالفت کررہے ہیں۔ کئی علاقوں میں ایسے کارکنان کے خلاف دہشت گردی کے خلاف قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پائلر کے ذوالفقار شاہ، اقبال ڈیتھو، کرشن شرما، زاہد فاروق اور دیگر نے اس موقع پر خطاب کیا اور اپنی تجاویز دیں۔

Check Also

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار بیٹسمین احمد شہزاد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کی نئی چیمپئن

محمد واحد کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئی چیمپئن بن گئی ہے، جس نے یکطرفہ مقابلے …