جمعرات , مارچ 21 2019
Home / اہم خبریں / سندھ کا ثقافتی میلا
Sindhi Ajrak and Topi
Sindhi Ajrak and Topi

سندھ کا ثقافتی میلا

کراچی (ضحیٰ مرجان) کسی بھی قوم کی پہچان اس کی ثقافت، روایات، رہنے کا طریقہ کار اور ان کی تاریخ سے جڑی ہوتی ہے۔ سندھ تھذیب و تمدن کے حوالے سے 5 ہزار سال پہلے موہن جو دڑو سے ملی ہوئی ہے. یہ ہی وجہ ہے کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود اپنی شاندار ثقافت کی وجہ سے سندھ اپنی ایک الگ پہچان ایک علیحدہ حیثیت رکھتی ہے۔

سندھ کی ثقافت یوں تو بہت وسیع ہے لیکن سندھی ثقافت میں اجرک اور سندھی ٹوپی اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں۔ سندھی اجرک ٹوپی سندھی ثقافت کی دو ایسی چیزیں ہیں کہ جیسے ہر قوم کے مرد و زن پسند کرتے ہیں۔ یہاں سندھی اجرک کے بارے میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ اجرک ایک ایسا کپڑا ہے جو مرد بھی پہنتا ہے اور عورت بھی. مرد پہنے تو پر وقار نظر آتا ہے اور اگر عورت پہنے تو با حیا۔ یہ ایک ایسا کپڑا ہے کہ جو شادیوں میں بھی اوڑھا جاتا ہے اور فوتگی میں بھی۔ یہ کپڑا گرمیوں میں ٹھنڈک جبکہ سردیوں میں حرارت دیتا ہے کیونکہ یہ مختلف مراحل سے گذر کر بنتا ہے.

Sindhi cultural day
Sindhi cultural day

یوں تو پاکستان کے چاروں صوبوں کی خوبصورت ثقافت اور روایات ہیں لیکن پاکستان سے باہر تحفے کے طور پر پاکستانی، اجرک کو پہننا اور بطور تحفہ دینا پسند کرتے ہیں اور سندھی اجرک کو بطور تحفہ دینا اپنے لئے فخر سمجھتے ہیں۔

سندھی اپنی شاندار ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے دنیا کے کونے کونے میں کسی تہوار کی طرح مناتے ہیں۔ سندھیوں نے جب اپنے ثقافتی دن کو عید کی طرح منانا شروع کیا تو پاکستان میں رہنے والی دیگر قوموں پختون اور بلوچوں نے بھی اپنے ثقافتی دن منانے کا آغاز کیا۔
آج سندھ کی ثقافت کا دن منایا جا رہا ہے جو صرف سندھ پاکستان بھارت یا ایشیا ہی میں نہیں بلکہ دنیا کے بے شمار ملکوں میں جہاں جہاں سندھی آباد ہے یہ دن اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جارہا ہے۔ ہاری، کسان، زمیندار، ادیب، صحافی، دانشور، شاعر، فنکار، اداکار، سیاست دان الغرض تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے شہر، گاؤں، بستیوں میں اس دن کو منانے رہے ہیں۔

Sindhi cultural day
Sindhi cultural day

اس دن سندھی لوگ مچ کچہری، محفل موسیقی و شاعری، میل ملاقات، اور اپنی عظیم ثقافتی ورثے کا پرچار کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کلچر ڈے کے اس موقع پر اجرک اور ٹوپی کا استعمال بھی خوب کیا جاتا ہے۔ اجرک کے کپڑے سے تیار کیے گئے خوبصورت پہناوے بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

ثقافت کا یہ تہوار منانے کی تیاریاں ایک ماہ پہلے سے ہی شروع ہو جاتی ہیں۔ اجرک، ٹوپی، سندھی کڑھائی اور اجرک کے کپڑے سے تیار کیے گئے خوبصورت پہناوے اور نت نئے ڈیزائن سندھ کے تمام بازاروں کی شاپس اور اسٹالز پر موجود ہوتے ہیں جو خواتین بالخصوص طالبعلموں اور طالبات کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔ اس موقع پر لاکھوں کی تعداد میں سندھی ٹوپی اور اجرک کی خرید وفروخت ہوتی ہے۔

آج سے چند سال پہلے کلچرل ڈے سندھ سے محبت کرنے والے مخصوص لوگ شاعر، دانشور اور ادیب چھوٹے پیمانے پر منایا کرتے تھے لیکن ان کی محنت اور آگاہی دینا اور سندھ دھرتی کے ساتھ محبت ہی تھی کہ آج اس تہوار کو عالمی سطح پر سندھی مناتے ہیں۔

Sindhi cultural day
Sindhi cultural day

آج دسمبرکے پہلے اتوار پر منایا جانے والا یہ کلچرل ڈے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ کر ایک نئی تاریخ رقم کرنے والا ہے۔ چونکہ سندھی کلچرل ڈے صرف سندھی لوگ ہی نہیں بلکہ سندھ میں رہنے والی تمام قومیتیں بھی منا رہے ہیں یہ دن دلوں سے کدورتیں دور کر رہا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے قریب لا رہا ہے۔

سندھی کلچرل ڈے پاکستان میں واقع سفارت خانوں میں بھی منایا جاتا ہے۔ جس میں سندھ کے قلمکار اور صحافیوں کا بڑا کردار ہے۔ جبکہ سندھ حکومت بھی اس دن کو انتہائی اہمیت دیتے ہوئے اس دن کو جشن کی صورت مناتی ہے۔ گزشتہ سال چئیرمن بلاول بھٹو زرداری اور کو چئیرمن آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ سی ایم ہائوس میں شاندار طریقے سے یہ دن منایا۔ جس میں زندگی کی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سیاست دان، صنعت کار، سفارت کاراور صحافی مدعو تھے۔ اس تقریب میں مہمانوں کو سندھی اجرک اور ٹوپی تحفتاً پیش کی گئی۔

آج اس قومی تہوار میں مرد و زن، بچے بوڑھے، لڑکیاں، استاد، شاگرد الغرض زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے سندھ دھرتی سے محبت کرنے والے سروں پر مختلف رنگوں کی خوبصورت سندھی ٹوپیاں سروں پہ سجائے اجرک اوڑھے سندھی کی ثقافت کا پرچار کرنے کے ساتھ عالم انسانیت کو امن شانتی، پیار محبت، اخوت و مساوات کا پیغام دیتے ہیں۔

Check Also

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار بیٹسمین احمد شہزاد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کی نئی چیمپئن

محمد واحد کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئی چیمپئن بن گئی ہے، جس نے یکطرفہ مقابلے …