بدھ , اپریل 24 2019
Home / اہم خبریں / کراچی میں پاک چائنا اسٹیل کا افتتاح

کراچی میں پاک چائنا اسٹیل کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک چین مشترکہ منصوبے کے تحت چینی جیانگ بینگ گروپ اور مقامی پارٹنرز کے اشتراک سے پورٹ قاسم پر قائم پاک چائنا اسٹیل کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا، جہاں سے پگ آئرن کی پیداوار کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم پر قائم نجی شعبے کی اس پہلی مربوط اسٹیل مل کی افتتاحی تقریب آج ہفتے کو پلانٹ پر منعقد ہوئی جہاں میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی.

پاک چائنا اسٹیل کا افتتاح جیانگ بینگ گروپ کے چیئرمین Xianonian Wu نے کیا جبکہ اس موقع پر پاک چائنا اسٹیل کے ڈائریکٹرز لی فلیکس ،مصطفی داؤد، جام آصف، ہیڈ آف مارکیٹنگ شہریار خان اور دیگر بھی موجود تھے.

افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا کو بریف کرتے ہوئے جیانگ بینگ گروپ کے چیئرمین اور پاک چائنا اسٹیل کے سی ای او نے بتایا کہ اس پلانٹ میں آئرن اوور سے پگ آئرن کی پیداوار کا آغاز کردیا گیا ہے، پلانٹ کی پیداواری استعداد 8 ہزار ٹن ماہانہ ہے جبکہ اس وقت پلانٹ سے 4 تا 5 ہزار ٹن ماہانہ پگ آئرن کی پیداوار کی جارہی ہے. اس پلانٹ میں 60 کیوبک میٹر کا ایک بلاسٹ فرنس بھی لگایا گیا ہے جو کہ پاکستان اسٹیل مل کے بعد ملک کا دوسری جبکہ نجی شعبے کا پہلا بلاسٹ فرنس ہے.

انہوں نے مزید بتایا کہ مستقبل میں یہاں بلٹ پلانٹ بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ مقامی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اس پلانٹ سے مصنوعات کی بر آمد کو بھی ممکن بنایا جائیگا.

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت پگ آئرن بھارت سے در آمد کرتا ہے۔

پاک چائنا اسٹیل کے قیام سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گاجس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملکی در آمدات میں بھی کمی واقع ہوگی.

جیانگ بینگ گروپ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ پاک چین دوستی کا تحفہ ہے اور ہم مستقبل میں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں. اس پراجیکٹ پر12ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے اور پگ آئرن کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہم اس پلانٹ کی توسیع پر بھی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں،اس پلانٹ میں تیار ہونے والے پگ آئرن کا معیار انتہائی بہترین ہے جس میں کاربن اور سلیکون کی مقدار زیادہ ہوتی ہے ۔

Check Also

وزیر اعظم عمران خان نے گھوٹکی میں کہا ہے کہ وہ آصف زرداری اور شریف برادران کو نہیں چھوڑینگے

آصف زرداری اور شریف برادران کو نہیں چھوڑینگے، عمران خان

گھوٹکی (رپورٹ: شبیر عاربانی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ آصف زرداری اور شریف برادران …