بدھ , اپریل 24 2019
Home / اہم خبریں / ربیع الاول کا چاند اور میلاد مصطفی ﷺ
Roza-e-Rasool
Roza-e-Rasool

ربیع الاول کا چاند اور میلاد مصطفی ﷺ

ضحیٰ مرجان

آمد مصطفي مرحبا مرحبا
اسلامی کیلنڈر کا تیسرا مہینہ ’’ ماہ ربیع الاول‘‘ امت مسلمہ کے لئے ایک خاص اہمیت کاحامل ہے۔چونکہ آج سے 14 سو سال پہلے ا س مہینے میں خاتم النبین، رحمت اللعالمین،نبی الآخر الزماں،آقائے دو عالم،محمد بن عبد اللہ ﷺ کی اس دنیا میں تشریف آوری ہوئی تھی۔ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی عالم اسلام میں ایک خوشی کی سی لہر چھا جاتی ہے۔پوری دنیا کے مسلمان میلاد محمد ﷺ کو ایک تہوار کی طرح مناتے ہیں ۔

خوشی کا تہوار میلاد محمدﷺ :

اللہ رب العزت کی مہربان ذات کی رحمتیں ، مہربانیاں و انعامات تو بے شمار ہیں لیکن اس پاک ذات کا اس پوری کائنات بالخصوص مسلمانوں پر سب سے بڑا انعام اپنے محبوب آقائے دو عالم ، افضل المرسلین،رحمت اللعالمین کو ہم سب کی نجات کا ذریعہ بنا کر بھیجنا ہے ۔ آنحضرت ﷺ کی پیدائش کی نسبت سے ربیع الاول میں قریہ قریہ، بستی بستی، گھر، محلہ ، گلی ، کوچہ،مساجد و مدارس الغرض کے ہر جگہ کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے ۔ بچوں کے لئے نئے کپڑے خرید ے جاتے ہیں ۔ شیرینی تقسیم کی جاتی ہے ۔نعتیہ محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں ثناء خواہ نعتیہ گلہائے عقیدت،اور درود و سلام کے نذرانے بارگاہ رسالت میں پیش کرتے ہیں۔ جہاں ذکر مصطفی ﷺ سے روحانی و قلبی سکون حاصل کیا جاتا ہے۔وہیں ایمان کی حرارت، دل کو نرم، سوچ کو پاکیزہ کرنے کے لئے مساجد مدارس و دیگر مقامات پر درس و تدریس کی محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں آپ ﷺکی اسوہ حسنہ سیرت طیبہ، ولادت باسعادت آنحضرت ﷺ کی ذات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ان کی تعلیمات کا بھی پرچار کیا جاتاہے کہ کس طرح آپ ﷺ نے پیار اور محبت سے مخلوق خدا کی تربیت کی اور جہالت کے اندھیروں سے نکالا۔
یوں تو ربیع الاول کے تقریبا پورے مہینے نعتیہ محافل اور دل سوز تعلیمات کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن 12ربیع الاول کو محافل کا خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہےاور پورے مذہبی عقیدت کے ساتھ میلاد کا تہوار منایا جاتا ہے، جبکہ سرکاری طور پر مک بھر میں12ربیع الاول کو عام تعطیل ہوتی ہے ۔

رحمت اللعالمین ﷺ کی تعلیمات :

آپ ﷺ کی تعلیمات سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہم حسن اخلا ق سے آپس میں شیر وشکر ہوکر رہیں ۔ایک دوسرے کی غمخواری اور دلجوئی کریں۔مخلوق خدا کی بہتری کے کئے کام کریں ۔اس پر فتن دور میں ہم پر لازم ہے کہ ایک صرف اس ایک مہینے ’’ربیع الاول‘‘ کو آپ ﷺ کے ساتھ مختص ناں کریں۔ یہ ایک مہینہ آپﷺ سے اپنی محبت کے دعوے کے لئے انتہائی کم ہے۔ بلکہ سال کے 365 دن ہم آپ ﷺ کے اشعار پر عمل کریں۔ ہمیں اپنی پوری زندگی اپنے اعمال و افکار کو ان کے بتائے ہوئے سانچے میں ڈھال لینا چاہیے۔ مسائل اور انارکی کے اس پر فتن دور میں ملت اسلامیہ کے مفادات اکھٹا ہونے کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم آپ ﷺ کی بتائی ہوئی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں مشعل راہ بنا کر شامل کر لیا تو وہ دن دور نہیں کہ جس دن ہماری ارض پاک امن و آشتی کا گہوارہ بن جائے گی اور دہشت گردی جہالت اور تمام تر باطل ظلمتوں سے پاک ہو جائے گا۔

بلغ العلی بکمالہ
کشف الدجی بجمالہ
حسنت جمیع خصالہ
صلو علیہ وآلہ

Check Also

تھر کول پاور پروجیکٹ کے تحت سستی ترین بجلی بنے گی

تھر کول پاور پروجیکٹ سے سستی ترین بجلی بنے گی

محمد واحد توانائی بحران سے نمٹنے والے منصوبے تھرکول پاور پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار …